43

فیصل آباد میں کہاں سے کیا خرید سکتے ہیں؟

فیصل آباد میں کہاں سے کیا خرید سکتے ہیں؟
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
فیصل آباد میں آئے پونے چار سال ہونے والے ہیں۔ اب تک جو میں جانتا ہوں وہ لکھ رہاہوں۔ باقی جہاں ضروری ہو احباب اضافہ یا تصحیح کر دیں۔ پوسٹ کاپی کرنے کی بجائے شئیر کریں کیونکہ ابھی مسلسل اضافہ کر رہا۔ پہلے پڑھ چکے ہیں پھر بھی دو دن بعد دوبارہ لازمی دیکھیں۔
1۔کپڑے
خواتین کے سلے اور ان سلے برینڈز کے لینے ہوں تو کوہ نور پلازہ اور ڈی گراؤنڈ میں ساری دکانیں ہیں۔لوکل لینے ہوں تو بھوانہ بازار اور انارکلی بازار بہترین ہیں۔ اور ہول سیل پر لینے ہوں تو ریل بازار میں واقع مکی اور مدنی مارکیٹ میں بہت سستے مل جاتے ہیں۔ مردانہ کپڑے کی دکانیں ریل بازار کے شروع میں بھی ہیں۔ بھوانہ بازار سے بھی ملتا ہے لیکن سب سے سستا مکی اور مدنی مارکیٹ کارخانہ بازار سے ہی ملتا ہے۔ اگر کٹ پیس لینے ہوں تو وہ بھی مکی اور مدنی مارکیٹ کے آخر سے مل سکتےہیں۔ زیادہ تر یہاں ہول سیل کی دکانیں ہیں لیکن صبح نو دس بجے یا پھر شام کو عصر کے بعد جائیں تو ایک ایک سوٹ بھی مل جاتا ہے۔ یہ جگہ لیکن رش والی ہے اور خواتین کی شاپنگ کے لیے مناسب نہیں ہے۔
مردانہ شرٹ کا کپڑا لینےکے لیے ریل بازار کی گھنٹہ گھر والی سائیڈ اور ڈگلس پورہ
چھوٹے بچوں کے سلے سلائے کپڑے سب سے اچھے اور سستے ایک تو چیز اپ کے ہیں دوسرا RCG پلازہ کوہ نور میں پہلے فلور پر بچوں کی دودکانیں ہیں۔ ان دونوں جگہ کی کوالٹی بہت ہی اعلیٰ اور قیمت کافی کم ہوتی ہے۔
2۔ہوزری کا سامان جناح کالونی سے سستا اور اچھا ملتا ہے۔
3۔بچوں کے کھلونے اور جھولے وغیرہ
چھوٹے کھلونے لینے ہوں تو جھنگ بازار میں مسجد کے پاس سے اندر گول بازار میں ۔ اگر تھوڑے بڑے پلاسٹک کے لینے ہوں تو بھوانہ بازار کے پاس واقع ریگل روڈ پر کافی دکانیں ہیں اور جھنگ بازار میں بھی۔ اگر لوہے کے بڑے جھولے بنوانے ہوں تو اسلام نگر کے پاس جیل روڈ پر۔
4۔ائیر کولر اور سولر پلیٹس کے لیےایوب ایگریکلچر کے پاس جھنگ روڈ پر ۔
5۔الیکڑونکس کا بڑا سامان لینے کے لیے سرکلر روڈ اور کوتوالی روڈ
6۔الیکٹرونکس کا چھوٹا سامان بھوانہ بازار اور بھوانہ بازار میں سکول والی گلی سے۔
7۔سیکورٹی کیمرے بھوانہ بازار میں سکول والی گلی
8۔کمپیوٹر اور اس سے متعلقہ سامان ریکسٹی پلازہ
9۔چارپائیاں اور لوہے کی الماریاں ، پیٹیاں وغیرہ ڈجکوٹ روڈ پر اچھی ملتی ہیں۔
10۔پلاسٹک کا سامان جھنگ بازار سے بھی اچھا ملتا ہے اور ستیانہ روڈ پر میکڈونلڈ کے بعد بھی ۔بہت بڑی دکانیں ہیں۔
11۔موبائل فون لینے اور عینک بنوانے کے لیے کے لیے کچہری بازار
12۔ٹائروں سمیت گاڑیوں کا نیا اور پرانا سامان بلال گنج مارکیٹ سے
13۔گاڑیوں کے ٹائر اور بجلی گیس کے چولہے وغیرہ کچہری بازار کے بعد سرکلر روڈ۔
14۔فوٹو سٹیٹ کے لیے کاغذ چنیوٹ بازار کے پاس سرکلر روڈ
15۔کتابوں کی خرید و فروخت ، چھپائی ،مہر بنوانے کے لیے امین پور بازار
16۔بڑے ٹریولنگ بیگز کے لیے بھوانہ بازار اور چھوٹے بیگ زیادہ مقدار میں بنوانے ہوں تو گول مچھلی والا بازار
17۔کیک ۔ سب سے بہتر اور سستے چناب کلب سے ملتے ہیں۔ دوسرے نمبر پر ساریاز گلبرگ اور تیسرے پر سرینہ ہے۔ لیکن ان دونوں کے مہنگے ہوتے ہیں۔ اس کے بعد آئیڈیل اور بدر بیکری کا نمبر آتا۔
18۔مچھلی بہت سے جگہ سے کھائی ہے فیصل آباد میں مگر مجھے تو کہیں سے بھی اچھی نہیں لگی۔ پھر بھی جالندر والوں کی سوساں روڈ اور بھوانہ بازار میں ہے۔ اور الجنت والوں کی جناح کالونی میں۔ ان کی تعریف بہت سنی ہے مگر مجھے کبھی اچھی نہیں لگی۔
19۔ دھاگے نلکیاں اور کپڑوں پر لگنے والا دوسرا سامان منٹگھمری بازار سے پاس چھوٹی سی گلی میں سے ملتا ہے جو آگے جھنگ بازار میں جا نکلتی ہے۔ بچوں کے سلے ہوئے سوٹ بھی اسی گلی سے ملتے ہیں۔
20۔ ہول سیل پر جوس، پانی اور اس طرح کی دوسری چیزیں بھی کارخانہ بازار اور منٹگھمری بازار کے درمیانی حصے سے۔
21۔ بچوں کی سائیکلیں منٹگھمری بازار کی راجباہ روڈ والی سائیڈ سے ملتی ہیں۔
22۔ برتن اور کراکری کا سارا سامان جھنگ بازار میں موجود دکانوں سے ملتا ہے خاص طور پر جو جھنگ بازار کی گھنٹہ گھر والی سائیڈ کے آس پاس چھوٹی گلیاں نکلتی ہیں۔
23۔ پلاسٹک کریش دانہ کی کچھ دکانیں کارخانہ بازار تا پرانا کارپوریشن دفتر اور وھیں موجود ضلع کونسل کی مارکیٹ کے اندر موجود ھیں۔
24۔ سیکنڈ ہینڈ اور نئی سلائی کڑھائی کی مشینیں جناح کالونی سے بھی مل جاتی ہیں اور ریگل روڈ کی طرف سے ڈگلس پورہ کے مین بازار سے بھی اور ڈجکوٹ روڈ پہ قاید اعظم مارکیٹ سے بھی۔ چھوٹی بڑی ہر قسم کی۔ یعنی گھریلو استعمال کے لیے بھی اور کمرشل مقاصد کے لیے بھی۔
25۔ ہر قسم کے پردے، سلے سلائے بھی اور اگر خود بنوانے ہوں تب بھی، تولیے، بیڈ شیٹس، نیپکن وغیرہ سرسید ٹاؤن میں فاطمہ جناح روڈ پر بہت اچھے اور بہت سستے مل جاتے ہیں۔ رضائی طلائی کا کپڑا اور سلی سلائی مکمل بھی یہیں سے ملتی ہیں۔ کمبل اور کھیس کی بھی بہت ورائٹی ہوتی ہے۔ پردوں کے لیے ٹاٹا مارکیٹ میں رحیم سنٹر میں سٹار پلازہ بھی اچھی آپشن ہے۔
26۔ آئس کریم سب سے اچھی جی سی یونیورسٹی کے سامنے چاغی کی ہے۔ چاغی کی باقی برانچز میں صفائی کا انتظام اچھا نہیں ہے۔ صرف اسی برانچ میں ہر چیز پرفیکٹ ملتی ہے۔ شہریار کی بھی اچھی ہے۔
27۔ سیکنڈ ہینڈ امپورٹڈ مال جیسے استریاں، کیٹلز، برتن وغیرہ اسلام نگر کے پاس بلال گنج مارکیٹ سے بھی مل سکتے ہیں اور جھنگ روڈ پر انمول ہاسپٹل مقابل جھنگ روڈ کی دوسری طرف پرانی موٹر مارکیٹ سے بھی۔ بہت سی دکانیں ہیں، پسند کی چیز مشکل سے ملتی مگر بہت سستی ملتی ہے۔
28۔ فرنیچر کی دکانیں اور شو روم جھنگ روڈ پر ہیں۔ شہباز ٹاؤن کے گلی محلوں میں بھی دکانیں ہیں جہاں نسبتاً سستا بنوایا جا سکتا ہے۔ لیکن اگر زیادہ بنوانا ہو تو پھر فیصل آباد کی بجائے کسے چھوٹے شہر سے بنوا لیں۔ میں نے چار سال پہلے فتح پور سے گھر کا سارا فرنیچر (دو سیٹ ڈبل بیڈ، دو صوفے سیٹ، دو ٹیبل سیٹ، ڈائننگ، استری ٹیبل) فقط ڈیڑھ لاکھ میں فیصل آباد تک کرائے سمیت بنوایا۔ جب کہ یہاں اتنے کا صرف ایک ڈبل بیڈ سیٹ تھا۔
29۔ چیز اپ مال سے باسمتی چاول، سبزی، بچوں کے پیمپرز، اور بچوں کے کپڑے بہت اچھے ملتے ہیں۔ الفتح میں بہت کچھ ہے لیکن بہت مہنگا ہے، وہاں سے کچھ نہ لیں۔ گروسری شاپنگ کے لیے امتیاز سپر مارکیٹ سب سے بہتر ہے۔
30۔ سب سے اچھے سموسے ایوب کے پاس 1122 کے دفتر کے مقابل واقع افتخار کے ہیں۔

اگر کچھ رہ گیا ہے تو کمینٹ میں پوچھ بھی سکتے ہیں اور اگر معلوم ہے تو بتا بھی سکتے ہیں۔ میں ایڈ کرتا جاؤں گا پوسٹ میں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈاکٹرعدنان نیازی

نیازیات

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں