ٹریول ایجنٹ سے عمرہ پیکج بنوانے کے لیے راہنما تحریر اسے سنبھال کر رکھیں اور دوستوں سے شئیر کریں
عمرہ پیکج میں تین چیزیں اہم ہیں جن کا قیمت پر فرق پڑتا ہے
٭ویزہ
٭ٹکٹ
٭ رہائش
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ویزہ
سعودی حکومت کے طرف کچھ عرب عمرہ کے کفیل ہوتے ہیں جو کہ شرکہ کہلاتے ہیں اور صرف انہیں سے عمرہ کاویزہ حاصل کیا جاسکتا ہے ،پاکستانی ٹریول ایجنٹ سے ان کے روابط ہوتے ہیں ، عموما یہی کفیل سعودیہ میں سال بھر کے لیے ٹراسپورٹ اور ہوٹل بھی بک کرلیتے ہیں ، ویزہ کا ریٹ یہی طے کرتے ہیں ، اگر کوئی ہوٹل سمیت ویزہ لے اسے کچھ سستا مل جاتا ہے اگر بغیر ہوٹل کے صرف ویزہ حاصل کیا جائے تو پچاس ساٹھ ریال مہنگا ویزہ ملتا ہے ۔ اس لیے مختلف کفیلوں کا ویزہ ریٹ مختلف ہوتا ہے ، ٹریول ایجنٹوں کی کوشش ہوتی ہے سستے سے سستا ویزہ حاصل کیا جائے او ر پھر عموما اسی ویزہ ریٹ میں ٹریول ایجنٹ اپنا منافع رکھ کر کسٹمر کو بتاتے ہیں ۔
اس لیے ٹریول ایجنٹ سے ویزہ ریٹ لازمی معلوم کیجیے
———–
ٹکٹ
تقریبا تمام ائیرلائن کے آن لائن ٹکٹ ان کی ویب پر دستیاب ہوتے ہیں اگر ڈائرکٹ فلائٹ جائے تو ریٹ مہنگا ہوتا ہے اور اگر راستے میں کسی جگہ سٹے کرے اس کو (وایا ) کہا جاتا ہے اس کا ریٹ تقریبا پانچ چھ ہزار سستا ہوتا ہے ۔ کچھ لوگ جہاز کے ٹکٹ بلاک کی شکل میں خرید لیتے ہیں مثلا ایک آدمی چالیس پچاس ٹکٹ خرید لیتا ہے اور پھر آگے بیچتا ہے (یہ رسکی مگر بہت منافع بخش کاروبار ہے ) عموما ٹریول ایجنٹ بلاک سے ٹکٹ خریدتے ہیں اور یہ عام ٹکٹ سے سستا ہوتا ہے ۔ آپ کو ٹریول ایجنٹ جو بھی ٹکٹ ریٹ بتائے آپ کمپنی کا نام گوگل پر لکھ کر اس تاریخ کا ٹکٹ ریٹ چیک کرلیں اگر وہی ہو یا پانچ سو یا ہزار اوپر ہوتو ٹھیک ہے اگر اس سے زیادہ کا فرق ہو تو ٹریول ایجنٹ سے بات کریں ریٹ سستا کروائیں یا پھر کہہ دیں ہم خود ٹکٹ کرلیں گے ،جس سے عمرہ کا ویزہ لیا ہے اسی سے ٹکٹ لینا ضروری نہیں ہے ،اور اگر وایا ائر لائن ہے تو اچھی طرح تسلی کرلیں کہ کس ملک میں سٹے ہے اور کتنی دیر کا سٹے ہے اور اسی طرح جہاز میں سامان کتنا لیکر جانا ہے اور جہاز میں کھانا لینا ہے یا نہیں یہ سب ٹریول ایجنٹ کو بتائیں کیوں کہ اس سب کا ریٹ چارج ہوتا ہے .
—————
رہائش
یاد رکھیں ہوٹل حرمین سے جتنا قریب ہوگا، اتنا مہنگا ہوگا اور جتنا دور ہوگا سستا ہوگا ، البتہ دور ہوٹل ہونے کی صورت میں شٹل سروس مل جائے گی جس کی قیمت ہوٹل کے کرایہ میں شامل ہوگی ،دوسری اہم چیز ہوٹل کا کمرہ اگر دو تین بیڈ والا(سیپرٹ)ہوگا تو مہنگا ہوگا۔اگر پانچ یا چھ بیڈ والا کمرہ ہوگا (شئیرنگ) توسستا ہوگا ،لیکن ٹریول ایجنٹ سے ضرور پوچھ لیں کے شئیرنگ کمرہ ہے تو کتنے افراد کا ہے ،جیسا کہ پہلے بتایا کہ یہ ہوٹل اور شٹل سروس اور جدہ سے مکہ اور مکہ سے مدینہ والی ٹرانسپورٹ عموما یہ اسی شرکہ سے لی جاتی ہے جس سے ویزہ خریدا ہو۔ اگر آپ کا مکہ مدینہ یا کسی ایک شہر میں رہائش کا کوئی بندو بست ہے تو آپ اس شہر کا ہوٹل بک نہ کریں اسی طرح اگر آپ کچھ ہوشیار ہیں یا آن لائن ہوٹل بک کرسکتے ہیں تو جو ٹریول ایجنٹ سب سے سستا ویزہ دے اس سے ویزہ لے لیں اوراپنا ہوٹل آن لائن خود بک کرلیں یا وہاں پہنچ کر دو چار ہوٹل گھوم کر بھی سستے میں خرید سکتے ہیں۔ لیکن عا م آدمی کو یہ سب یہیں سے طے کر کے جانا چاہیے
رہائش کےحوالے سے یہ یاد رکھیں ٹریول ایجنٹ جس ہوٹل کا نام بتائے گوگل میپ یا گوگل پر لکھ کر سرچ کریں اور خود نقشہ میں دیکھ لیں کہ وہ حرم سے کتنی دور اور کس سمت میں ہے
امید ہے ان چیزوں کا خیال رکھیں گے تو آپ کو بعد میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا
تحریر: جبلی
Categories
عمرہ پیکج کیسے بنوائیں؟
